پٹنہ، 03 مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں این ڈی اے کی سنکلپ ریلی کو دیکھتے ہوئے راشٹریہ جنتا دل کے رہنماتیجسوی یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولا ہے اور ان سے سوال کیا ہے کہ مظفر پور شیلٹرہوم جیسا بھیانک سانحہ ہونے کے باوجود بھی وہ کس منہ سے آخر بہار کی سرزمین پر آ رہے ہیں۔تیجسوی نے ایک ٹویٹ کر وزیر اعظم پر نشانہ لگایا اور کہا کہ مظفر پور شیلٹرہوم اسکینڈل میں جہاں پر 34 لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری ہوئی، انہوں نے اب تک اپنی خاموشی نہیں توڑی ہے۔تیجسوی نے الزام لگایا کہ اس اسکینڈل میں بہار حکومت میں بی جے پی کوٹے کا ایک وزیر بھی ملوث ہے، ساتھ ہی اس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی سی بی آئی کی آنچ وزیر اعلی نتیش کمار تک بھی پہنچنے والی ہے۔
تیجسوی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی جب پٹنہ کی سرزمین پر ریلی سے خطاب کریں گے تو بہار کی عوام ان سے 2014 ۔15 میں کئے گئے وعدوں کا حساب مانگے گی۔تیجسوی نے کہا کہ بہار میں 14 سال سے این ڈی اے کی حکومت ہونے کے باوجود بھی یہاں پر رام راج قائم نہیں ہوا ہے اور جرائم، عصمت دری اور بدعنوانی عروج پر ہے۔وزیر اعظم پر طنز کستے ہوئے تیجسوی نے سوال پوچھا کہ 2015 اسمبلی انتخابات میں جو انہوں نے بہار کے لئے 165000 کروڑ کا جو خصوصی پیکیج کا اعلان کیا تھا اس کا حساب کتاب وہ بہار کے عوام کو دیں گے؟۔
تیجسوی نے کہا کہ وزیر اعظم کی پوری سیاست جھوٹ، فریب پر ٹکی ہے اور اسی لیے زمینی نتائج کی توقع کرنا ان سے بے کار ہو گی۔تیجسوی نے سوال پوچھا کہ اگر وزیر اعظم مودی بدعنوانی کے خلاف کارروائی کو لے کر ایماندار ہیں تو وزیر اعلی نتیش کمار کے خلاف اب تک سرجن اور دیگر گھوٹالوں کی سی بی آئی جانچ تیز کیوں نہیں ہوئی ہے؟ تیجسوی نے الزام لگایا کہ وزیر اعظم مودی بدعنوان کے سب سے بڑے سرپرست ہیں۔تیجسوی نے ٹویٹ کرکے کہا مودی جی، شہیدوں کی چتا سرد بھی نہیں ہوئی اور ایک شہید کا جسد خاکی تو ابھی تک بہار نہیں آیا ہے۔وہیں وزیر اعظم نریندر مودی اپنی سیاست چمکانے بہار کی عظیم زمین پر آئے ہیں،بہار کی عوام بہت آگاہ ہے وہ آپ کی لفاظی اور جملے بازي میں پھنسنے والی نہیں ہے، پہلے کئے وعدوں کا کیا ہوا؟۔